وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزيشن کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 28 مارچ کو ہوگی، سینیٹر فیصل جاوید نے تاریخ کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بُلایا جاسکتا ہے، پہلے دن صرف مرحوم ارکان اسمبلی کے لیے دعا ہوگی۔
22، 23 اور 24 مارچ کو او آئی سی اجلاس کے باعث چھٹی ہوگی۔ تحریک عدم اعتماد ممکنہ طور پر 25 مارچ کو پیش ہوگی، تین دن بحث کے بعد ووٹنگ 28 مارچ کو کروائی جائے گی۔
عمران خان نے کور کمیٹی اجلاس میں کہا کہ عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں، اتحادی کہیں نہیں جارہے ۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے خبردار کیا، ڈی چوک پر پی ٹی آئی جلسہ کرے گی، دس لاکھ افراد آئیں گے، جو عدم اعتماد کا ووٹ ڈالنے آئے گا، وہ عوام کے اس سمندر سے گزر کر جائے گا۔
دوسری طرف عدم اعتماد کی تحریک کے خلاف سپورٹ لینے وزیراعظم عمران خان خود چل کر باپ کے پاس پہنچ گئے۔
پارلیمنٹ لاجز میں بی اے پی کے وفد نے ملاقات کے لیے آئے وزیراعظم کے سامنے دل کھول کر رکھ دیا، عمران خان نے جی ڈی اے کے وفد سے بھی ملاقات کی۔
دوسری جانب حمزہ شہباز جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ترین گروپ کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جہاں عثمان بزدار کو ہٹانے پر اتفاق کرلیا گیا، بدلے میں ترین گروپ نے آئندہ انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی یقین دہانی مانگ لی۔
ادھر وفاق میں عمران کے خلاف سرگرم شہبازشریف نے پارلیمانی پارٹی اور اپوزيشن رہنماؤں کے اعزاز میں عشائيہ دیا، عشائيہ میں آصف زردی ،بلاول اور مولانا فضل الرحمان شریک تھے۔
Comments are closed.