بدھ 23؍ربیع الثانی 1445ھ8؍نومبر 2023ء

تحریک انصاف کا عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد اعلامیہ سامنے آگیا، جس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کور کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ جبر اور فسطائیت پی ٹی آئی کو انتخابی میدان میں اترنے سے نہیں روک سکتی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ تحریک انصاف ملک بھر میں ہر حلقے میں اپنا امیدوار نامزد کرے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی جیل سے رہا ہو کر انتخابات میں قوم کی قیادت کریں گے۔

پی ٹی آئی اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ پارٹی چیئرمین کو اگر قید رکھا گیا تو وہ جیل سے قوم کی قیادت کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق عوام کی تائید اور حمایت سے ظلم کو اس کے کارندوں سمیت شکستِ فاش دیں گے، انتخابات میں مداخلت اور دھاندلی نہ قوم نہ دنیا تسلیم کرے گی۔

کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیے کے مطابق انتخابات کی تاریخ کے بعد لیول پلیئنگ فیلڈ سے محروم کرنے کی کوششیں نمایاں ہوئی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پی ڈی ایم اور نگران حکومت کی جانب سے معیشت کی تباہی پر پی ٹی آئی کے وائٹ پیپر کے اجراء کی منظوری دی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.