پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر سیف نے بلاول بھٹو کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف واپس آئے گی آپ کے لیے خدا حافظ، فی امان اللّٰہ۔
ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کس اپوزیشن نے کام نہیں کرنے دیا؟ وہی جس کی نمائندگی آپ کا اپنا راجہ ریاض کر رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ آپ کونسی روایتی سیاست ختم کریں گے وہی جس کی بدولت آپ پیدائشی چئیرمین بن گئے؟
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ اللّٰہ پاکستان کو موروثیت کے عذاب سے نجات دلائے جس کے علمبردار بلاول اور مریم صفدر ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مسٹر ٹین پرسنٹ کے بیٹے کے منہ سے کرپشن کے خلاف الفاظ باعث شرم ہیں، پاکستان کے مسائل کی وجہ زرداری اور نواز کی لوٹ مار اور کرپشن ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی گرفتاری مکافات عمل نہیں کرپٹ حکومت کی انتقامی کارروائی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ ہماری اپوزیشن کچھ سبق نہیں سیکھ رہی، اپوزیشن کی سیاست کا انداز اور طریقہ کار آج بھی وہی ہے۔
Comments are closed.