جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

تحریک انصاف میں ٹکٹوں کی تقسیم پر تنازع

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنے سے پہلے ہی ٹکٹوں کی تقسیم پر تنازع ہوگیا۔

پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت نے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم میں پنجاب کے مقابلے میں خیبر پختونخوا لائرز فورم کو نظر انداز کیے جانے کا الزام لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں آئی ایل ایف نے جیل اور مقدمات برداشت کیے، امید ہے بانی پی ٹی آئی اس کا نوٹس لیں گے۔

تناز ع سے متعلق جیو نیوز کے سوال پر مرکزی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ابھی تو امیدواروں کی لسٹ فائنل نہیں ہوئی، ابھی سے اعتراض درست نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت کی کمی کی وجہ سے سب کے انٹرویو نہیں ہوسکے، خان صاحب معاملے کو دیکھ رہے ہیں، کسی کو مایوسی نہیں ہوگی۔

ٹکٹوں کی تقسیم پر آئی ایل ایف کے ساتھ انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے کارکن بھی ناراض ہوگئے۔

پی ٹی آئی کے اسلام آباد سیکریٹریٹ کے باہر احتجاج کے دوران انہوں نے پارٹی قیادت پر ٹکٹ چار، چار کروڑ روپے میں بیچے جانے کا الزام لگا دیا۔

شیر افضل مروت کے ساتھی سعود شاہ روغانی کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر بلیک میل ہونا بند کریں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت نےجن امیدواروں کے انٹرویو کیے انہیں ٹکٹ جاری کیے جانے چاہئیں لیکن بیرسٹر گوہر اور ساتھی اپنے مفادات دیکھ رہے ہیں۔

اسلام آباد پارٹی سیکرٹریٹ کے باہر اراکین کی جانب سے رات کے وقت ایک اور پریس کانفرنس میں ٹکٹوں کے لئے فائنل ناموں کی فہرست بھی جاری کی گئی، جس میں بیرسٹر گوہر خان، عمر ایوب خان اور شیر افضل مروت کے نام بھی شامل ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد سیکرٹریٹ کے باہر پی ٹی آئی کے نوجوان ٹکٹوں کے حصول کےلیے موجود ہیں جبکہ پارٹی نے ابھی تک ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کی فہرست جاری نہیں کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.