بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد سے متعلق فیصلہ مؤخر کر دیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد پر بلوچستان عوامی پارٹی نے فیصلہ قومی اسمبلی اجلاس سے مشروط کر دیا۔
بلوچستان عوامی پارٹی نے تحریکِ عدم اعتماد سے متعلق پارٹی میں مزید مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بی اے پی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ طویل مشاورت اور عوامی مفاد کو مدِنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے بلوچستان عوامی پارٹی سے اپوزیشن جماعتوں کے بھی رابطے جاری ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ رابطے کرنے والی پارلیمانی جماعتوں سے ملاقاتوں کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
بی اے پی کے ذرائع کے مطابق تحریکِ عدم اعتماد سے متعلق فیصلہ سینئر قیادت اور ارکانِ اسمبلی مل کر کریں گے۔
بی اے پی کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ روز بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر خالد مگسی پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین، سابق صدر آصف علی زرداری سے بھی مل چکے ہیں۔
Comments are closed.