پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے گزشتہ روز پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں 20 میں سے 15 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد پیغام جاری کیا گیا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنی سوشل میڈیا سائٹس کا سہارا لیتے ہوئے اپنے حمایتیوں، جماعت کے کارکنان اور پنجاب کے ووٹرز کا شکریہ ادا کیا ہے۔
عمران خان نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں وہ سینے پر ہاتھ رکھے مشکور نظر آ رہے ہیں۔
عمران خان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ میں سب سے پہلے اپنے پی ٹی آئی ورکرز اور پنجاب کے ووٹرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ اُنہوں نے صرف مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو ہی نہیں بلکہ پوری ریاستی مشینری، خاص طور پر پولیس کی طرف سے ہراساں کیے جانے اور مکمل طور پر جانبدار الیکشن کمیشن کو شکست دی۔
اپنے ٹوئٹ میں عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ ہمارے تمام اتحادیوں، مسلم لیگ ق، مجلسِ وحدت المسلمین اور سنی اتحاد کونسل کا بھی شکریہ، یہاں سے آگے بڑھنے کا واحد راستہ ایک قابلِ اعتماد الیکشن کمیشن کے تحت منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔
عمران خان کا جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ کوئی اور راستہ صرف سیاسی بے یقینی اور مزید معاشی افراتفری کا باعث بنے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی پنجاب کے ضمنی الیکشن میں فتح پر آج پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔
ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن) 4 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ 1 نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا ہے۔
Comments are closed.