وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تجاوزات ہٹاتے وقت غریب آدمی کو متبادل ضرور فراہم کیا جائے۔
اسلام آباد میں عمران خان کی زیر صدارت کشمیر ڈیولپمنٹ پیکیج پر اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی اور وزیر خزانہ عبدالماجد نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو کشمیر ترقیاتی پیکیج کے مجوزہ منصوبوں، لاگت اور انتظامی امور میں اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ترقی پیکیج میں اہم شاہراہوں، پلوں اور سرنگوں کی تعمیر شامل ہے، سیاحتی مقامات کی نشاندہی کرکے ان کو شاہراہوں سے جوڑا جائے گا۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ سیاحتی مقامات میں سکی ریزارٹ بنانے کے لئے بھی جگہ کی نشاندہی ہوچکی جبکہ اسکولوں و کالجوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی پیکیج کا حصہ ہوگی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انصاف کا عمل تیز اور شفاف ہونا چاہیے، تجاوزات ہٹاتے وقت غریب آدمی کو متبادل ضرور فراہم کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ماڈل پر ریڑھی بانوں کو مقررہ علاقوں میں سہولیات دی جائیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ سرکاری اراضی کو واگزار کرکے اس پر جنگلات اگائے جائیں، سیاحت کے فروغ کے لیے جنگلات کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔
Comments are closed.