وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تاش کے سارے پتے ہمارے پاس ہیں، یہ تین جوکر کا آخری کھیل تھا وہ اب نظر نہیں آئیں گے، اس وقت ہمارے لوگوں کو کروڑوں روپے کی آفرز کی جارہی ہیں، ہم لوگوں کو خریدنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، جس جس کو آفر کی گئی اس نے پارٹی میں آکر بتایا ہے۔
فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملکی تاریخ کا مدر آف آل جلسہ ڈی چوک پر ہونے جارہا ہے،تحریک انصاف نے ساڑھے تین سال میں اصلاحات کیں،جب ہم حکومت میں آئے تو پاکستان کی ٹیکسٹائل بند تھی،آج پاکستان ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ پر کھڑا ہے،آج پاکستان میں گھر بن رہے ہیں،ڈیم بن رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی کی جرات نہیں کہ پاکستان کو ڈکٹیٹ کرے، آج ہر پاکستانی فخرسے کہہ سکتا ہے کہ ہم اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کور کمیٹی نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے،ہم لوگوں کوخریدنے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں،عمران خان نہ پہلے کبھی بلیک میل ہوئے نہ پی ٹی آئی کبھی ہوئی،آپ اپوزیشن کوہاتھ ملتے ہوئے دیکھیں گے۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ 47 وزرا خارجہ او آئی سی اجلاس میں شرکت کی تصدیق کرچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس حکومت نے نہیں اسپیکر قومی اسمبلی نے بلانا ہے،او آئی سی کا اجلاس پارلیمنٹ میں ہورہا ہے،چاہتے ہیں ووٹنگ کے لیے اجلاس جلد ازجلد ہو،دیکھتے ہیں کہ ووٹنگ کی نوبت بھی آتی ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت کو وزیراعظم اپنے بھائیوں کی طرح سمجھتے ہیں، وزیراعظم کی مونس الٰہی سے ملاقات ہوچکی ہے، ق لیگ کو بھی پتہ ہے کہ اس وقت پاکستان میں اگرکوئی لیڈر کھڑا ہے تووہ عمران خان ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ق لیگ، جی ڈی اے، ایم کیو ایم ہمارے اتحاد کا حصہ ہیں اور رہیں گے، جو بھی اتحادیوں کے اشوز ہیں ان پربات ہوچکی ہے، سیاست، حکومت اور مستقبل ہمارے پاس ہے،تحریک انصاف میں کوئی منحرف نہیں،اس موقع پرپی ٹی آئی کا کوئی رکن عمران خان سے غداری نہیں کرے گا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عامرکیانی نے کہاکہ دس لاکھ لوگ ڈی چوک جلسےمیں شرکت کریں گے،جس کوووٹ دینے کے لیے جانا ہے وہ اس جلسےسے گزر کر جائے گا
Comments are closed.