بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

تاحیات نااہلی کا چوتھا شکار عمران خان ہوسکتے ہیں، اسحاق ڈار

سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کی تلوار لٹکنا شروع ہوگئی ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ تاحیات نااہلی کے 3 افراد شکار ہوئے ہیں، چوتھے عمران خان ہوسکتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی مس ڈکلیئریشن انہیں نااہل کرتی ہے، موجودہ حالات میں پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کا فیصلہ مناسب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو فنڈز اکٹھے کیے، اس میں ایک بڑی رقم غیر قانونی ہے، قانون کے مطابق آپ غیر ملکی کمپنی اور شخص سے پیسے نہیں لے سکتے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی غیرممنوعہ فنڈنگ الیکشن کمیشن ضبط کرے گا، ای سی پی کے فیصلے کی بنیاد پر حکومت جائزہ لے گی کہ پارٹی پر پابندی ہونا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر پابندی کی تلوار لٹکنا شروع ہوگئی ہے، عمران خان نے چیریٹی کے نام پر رقم لی اور سیاسی مقصد کے لیے استعمال کی۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی پارٹی ممبرشپ سے مستعفی ہوجائیں تو ان پر قدغن نہیں لگے گی، پابندی تحریک انصاف پر لگے گی اور عمران خان پر نااہلی کا کیس چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کا ریفرنس بھی پی ڈی ایم نے جمع کرایا ہے، تاحیات نااہلی آئین میں نہیں ہے، اس پر ہماری جماعتیں غور کر رہی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.