نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار نے کہا ہے کہ حکمراں جماعت بی جے پی بھارت میں ہٹلر کی طرح کام کر رہی ہے۔
شرد پوار نے اپنے تازہ بیان میں مودی کی جماعت سے متعلق کہا ہے کہ بی جے پی کی توجہ گائے کے پیشاب اور آر ایس ایس کے منصوبوں پر مرکوز ہے، بی جے پی صرف جھوٹے پروپیگنڈوں اور مسلم مخالف جذبات پر توجہ دیتی ہے۔
گزشتہ روز انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کی جانب سے چنزیہ انداز میں اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار رکھنے والے صرف گائے کا پیشاب دیکھتے ہیں اور صرف آر ایس ایس کے پروگرام ہی اِنہیں نظر آتے ہیں۔
این سی پی کے سربراہ نے مزید کہا کہ اداروں کی نجکاری، جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلانا، مسلم کمیونٹی کے لیے نفرت کو ہوا دینا اور جارحانہ حد تک قوم پرستی کو فروغ دینا یہ سب بی جے پی کے ایجنڈے کے بنیادی اصول ہیں۔
پوار نے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں ہے، بی جے پی نے ایک جارحانہ نظام قائم کیا ہوا ہے، یہ نظام جرمنی میں ہٹلر کے پروپیگنڈہ نظام کی طرح کام کر رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بی جے پی کیرالہ، تامل ناڈو، آندھرا پردیش، تلنگانہ، دہلی، پنجاب، مغربی بنگال، بہار اور جھارکھنڈ میں اقتدار سے باہر ہے۔ ملک میں بی جے پی کے لیے ماحول سازگار نہیں ہے، وزیر اعظم نریندرا مودی پرامن ملک کی صرف ضمانتیں دیتے ہیں جو کہ کبھی بھی پوری نہیں ہوئیں۔
دوسری جانب شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما سنجے راوت نے شرد پوار کے اس بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ بھی شرد پورا نے بی جے پی کے خلاف کہا ہے اس میں کچھ غلط نہیں ہے۔
سنجے راوت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’بھارت صرف سائنس کے ساتھ آگے بڑھ سکتا ہے، دقیانوسی خیالات سے نہیں۔‘
سنجے راوت نے کہا ہے کہ ’اگر کوئی شرد پورا کے اس بیان کی مخالفت کرتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ ملک کو 5 ہزار سال پیچھے لے جانے اور مذہب کی بنیاد پر تنازع پیدا کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔‘
Comments are closed.