اتوار 23؍صفر المظفر 1445ھ10؍ستمبر 2023ء

بی جے پی حکومت کے تحت بھارت میں جمہوری اداروں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، راہول گاندھی

بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت کے تحت بھارت میں جمہوری اداروں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت میں جمہوریت کی بقا کیلئے عوام کی آواز کو سنا اور اسے تحفظ دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈین اوورسیز کانگرس کے رہنما کے ساتھ برسلز پریس کلب یورپ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت میں بے تحاشا بے روزگاری بڑھی بے اور پیسہ صرف چند لوگوں کے ہاتھ میں جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تین چار لوگ ایسے ہیں ہے جو ہر بزنس کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ صنعت میں بھی ہیں اور تجارت میں بھی، وہی بندرگاہوں کو بھی کنٹرول کر رہے ہیں اور ایئرپورٹس کو بھی۔ ایسے میں اگر اسمال اور میڈیم انڈسٹری نہیں چلے گی تو پھر بے روزگاری بڑھے گی۔ 

راہول گاندھی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی میڈیا پر ان سماجی مسائل کو اجاگر نہیں کیا جا رہا۔

کشمیر پر پوچھے گئے کئی سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اسے بھارت کا اندرونی معاملہ قرار دیا۔

تاہم ہر سوال پر انہوں نے کانگرس کی مجلس عاملہ کی جانب سے پاس کردہ قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی کا ماننا ہے کہ کشمیریوں سمیت ہر ایک کو بولنے اور اپنے آزادانہ جذبات کے اظہار کا موقع ملنا چاہیے اور وہ پرامن اور خوشحال زندگی گزار سکے۔

اپنے اس دورے کی غرض و غائیت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم اپنے دورہ امریکا کے بعد اب یورپ میں مختلف سطح کی قیادت کے ساتھ بھارت میں جمہوری اداروں کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے بارے میں تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.