بدھ 21؍محرم الحرام 1445ھ9؍اگست 2023ء

بی آئی ایس پی، شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے بینظیر سوشل پروٹیکشن اکاونٹ کا آغاز

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وظائف کی ادائیگیوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے بینظیر سوشل پروٹیکشن اکاونٹ کا آغاز کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) شازیہ مری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بینظیر سوشل پروٹیکشن اکاونٹ کا مقصد مستحق خواتین کو مؤثر ادائیگی کا نظام فراہم کرنا ہے۔ اگر خواتین کسی بینک کی خدمات سے مطمئن نہیں تو اس پروگرام کے تحت وہ دوسرے بینک میں اپنا اکاونٹ کھول سکیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے ایک سال 5 ماہ کی قلیل مدت میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں 72فیصد اضافہ کیا ہے، اضافے کیساتھ مالی سال 23-2024 کے لئے بجٹ 4 سو 71 اعشاریہ 68 ارب روپے کر دیاگیا جبکہ مستحقین کی تعداد 72 لاکھ سے بڑھ کر 90 لاکھ ہوگئی ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بتایا کہ اب سہ ماہی وظیفہ 7 ہزار کی بجائے 8 ہزار 750 روپے ہے جبکہ بینظیر تعلیمی وظائف بچوں کا اندراج 26 لاکھ سے بڑھ کر 70 لاکھ 52 ہزار ہوا۔

انہوں نے اپنے جاری بیان میں مزید بتایا کہ بینظیر نشوونما پروگرام میں توسیع کرکے 15 اضلاع سے پورے ملک تک پھیلا دیا گیا۔ بینظیر نشونما بجٹ میں 285 فیصد اضافہ کرکے مستحق افراد کی تعداد 2 لاکھ سے بڑھا کر 8 لاکھ 50 ہزار کر دی گئی جبکہ تاریخ میں پہلی بار خواجہ سراوں کی تکالیف کو سامنے رکھ کر بینظیر کفالت میں شامل کیا گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ 28 لاکھ سیلاب متاثرین میں 25ہزار فی خاندان کے حساب سے 70 ارب روپے تقسیم کئے گئے۔ اس کے علاوہ بینظیر انڈر گریجویٹ حاصل کرنے والے طلباء کی تعداد 82ہزار سے بڑھا کر 92 ہزار کر دی گئی۔

چیئرمین بی آئی ایس پی کے مطابق نئے مالی سال میں بینظیر کفالت میں مزید 3 لاکھ خاندانوں کو شامل کرکے تعداد 93 لاکھ کرنے، تعلیمی وظائف میں اندراج کو 75 لاکھ 52 ہزار سے بڑھا کر 92 لاکھ تک لے جانے، بینظیر نشو ونما میں رجسٹریشن کی تعداد 7 لاکھ 70 ہزار سے بڑھا کر 15 لاکھ تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.