پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز کرکٹ ورلڈکپ میں اپنی چھ ماہ کی بیٹی کے ہمراہ شریک ہیں اور بیٹی کے ہمراہ ان کی تصاویر کو دنیا بھر میں پسند کیا جارہا ہے۔
ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے پہلے مقابلے میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو 107 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس میچ میں بسمہ معروف اپنی ننھی بیٹی کے ہمراہ میدان میں آئیں۔
بسمہ معروف کے اس انداز کو نہ صرف کرکٹ کے مداحوں نے پسند کیا بلکہ آئی سی سی نے بھی ان کی تعریف کرتے ہوئے تصویر شیئر کردی۔
صرف یہی نہیں بھارتی کرکٹ ٹیم کی خواتین کھلاڑی بھی بسمہ کی بیٹی سے پیار کرتی نظر آئیں۔
آئی سی سی نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ کرکٹ کٹ، بیگ پیک اور بے بی کی باسکٹ بسمہ کے ساتھ ہے، وہ پھر بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
میچ کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے بسمہ اور ان کی بیٹی کے ہمراہ لی گئی تصویر کو بھی آئی سی سی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا، جسے صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا گیا۔
ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی بسمہ معروف کی بیٹی کے ہمراہ ویمن ورلڈکپ میں شرکت کی تعریف کی۔
مریم نواز نے بسمہ معروف کی بیٹی کے ہمراہ تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا پاورفل تصویر ہے۔
مریم نواز نے بسمہ معروف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بیٹی کے لیے بھی محبت سے بھرپور جذبات کا اظہار کیا ہے۔
ایک صارف نے بسمہ کی بیٹی کی محبت کو سراہتے ہوئے لکھا کہ آخر ماں تو ماں ہوتی ہے۔
Comments are closed.