بھارت میں طلاق ہونے پر باپ نے بیٹی کو گھر واپس لانے کےلیے بڑی ہی پروقار تقریب کا اہتمام کیا جہاں والد بیٹی کو بارات کے ساتھ گھر واپس لے آئے۔
بارات کا لفظ ہم نے اکثر شادی کے موقع پر ہی سنا ہوگا مگر ایک بھارتی شخص نے اپنی بیٹی کی طلاق کے موقع پر اسے عزت سے واپس لانے کےلیے شاندار انداز میں بارات کا اہتمام کرلیا۔
بھارتی شہری کی بیٹی کی طلاق کے بعد اس کی سسرال سے اپنے گھر واپس لانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ والد نے بیٹی کو گھر لے جانے کےلیے ڈھول باجے والوں کو بلانے کے ساتھ ساتھ آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کے گھر والے خوشی سے اس کے ساتھ شامل ہو رہے ہیں اور پٹاخے پھوڑ رہے ہیں، جبکہ اس دوران ایک خاتون جو ممکنہ طور پر مطلقہ کی والدہ ہیں، اپنی بیٹی کو گلے لگاتے ہوئے بھی نظر آرہی ہیں۔
علاوہ ازیں لڑکی کے باپ کے ساتھ آئے ہوئے لوگوں میں شامل پورا خاندان ایک بارات کی طرح گلیوں میں مزے سے گھوم رہا ہے۔
باپ کی جانب سے اپنے لیے کیے گئے اس اقدام پر طلاق یافتہ بیٹی بھی بہت خوش نظر آرہی ہے اور اپنا سامان اٹھائے ہوئے ان کے ساتھ خوشی خوشی واپسی جارہی ہے۔
اس انوکھے واقعے کی ویڈیو فیس بک پر بھی شیئر کی گئی جس کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ’جب آپ کی بیٹی کی شادی بہت دھوم دھام سے کی جائے اور اگر میاں بیوی اور گھر والے کچھ غلط کریں تو آپ اپنی بیٹی کو عزت و احترام کے ساتھ اپنے گھر واپس لائیں کیونکہ بیٹیاں بہت قیمتی ہوتی ہیں۔‘
صارفین کی جانب سے بیٹی کو سپورٹ کرنے کےلیے والد کے اس اقدام کو خوب سراہا جارہا ہے، اور لوگ ان کی پوسٹ پر حوصلہ افزاء تبصرے کر رہے ہیں۔
Comments are closed.