جمعہ یکم ربیع الثانی 1444ھ28؍اکتوبر 2022ء

بیوی کے بعد ناظم جوکھیو کی والدہ نے بھی ملزمان کو معاف کردیا

گزشتہ سال نومبر میں تشدد کے بعد قتل کیے گئے ناظم جوکھیو کی والدہ نے ملزمان کو معاف کردیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس میں فریقین کے درمیان صلح نامہ سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

اس موقع پر مقتول ناظم جوکھیو کی والدہ نے عدالت میں پیش ہوکر بیان رکارڈ کرادیا۔

ناظم جوکھیو کی والدہ نے کہا کہ ہم نے ملزمان کو معاف کردیا ہے، جام اویس سمیت 6 ملزمان کو اگرعدالت رہا کرتی ہے تو کوئی اعتراض نہیں۔

اس کیس میں مقتول کی اہلیہ شیریں جوکھیو اور مدعی افضل جوکھیو بھی بیان رکارڈ کرا چکے ہیں۔

مقتول کی اہلیہ نے ملزمان سے اپنے 4 بچوں کے لیے دیت کی رقم کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

ناظم جوکھیو قتل کیس میں مقتول کی اہلیہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ملزمان کو رہا کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔

ملیر کورٹ نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں پولیس چالان پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

شیریں جوکھیو نے موقف اختیار کیا تھا کہ جام اویس سمیت 6 ملزمان سے صلح ہوچکی ہے، ان کی رہائی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت 12 نومبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ ناظم جوکھیو قتل کا مقدمہ کراچی کےمیمن گوٹھ تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

مقتول کو نومبر 2021ء میں تشدد کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.