بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سماجی تحفظ اکاؤنٹس کا اجراء کر دیا گیا۔ وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے بی آئی ایس پی کے مستحق خواتین میں سماجی تحفظ اکاؤنٹس کی کٹس تقسیم کیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے گزشہ سال بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور اس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے میں شازیہ مری اور ان کی ٹیم کی کاوشیں شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سماجی تحفظ اکاؤنٹس کا قیام ایک بہترین اقدام ہے، بی آئی ایس پی نے شفافیت کیساتھ سیلاب متاثرین میں 70 ارب روپے تقسیم کئے، آج بھی ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے اثرات موجود ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی کامیابی میں سابقہ حکومتوں، افسران، دوست ممالک، شراکت دار بینکوں کے تعاون کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر و چیئرپرسن بی آئی ایس پی، محترمہ شازیہ مری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی اس تقریب میں شرکت پروگرام میں ان کی گہری دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا خواب شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے دیکھا تھا جس کی بنیاد 2008 میں سابق صدر آصف علی زرداری نے رکھی۔
شازیہ مری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک غیر سیاسی پرورگرام ہے جو مساوی بنیادوں پر مستحق خواتین کو مالی معاونت فراہم کررہا ہے، اس پروگرا م نے 15 سالوں میں کئی کامیابیوں کے سفرطے کئے ہیں۔ ابتدائی مراحل میں پوسٹ آفس، سمارٹ کارڈ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے امدادی رقوم کی ادائیگی کی جاتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ سال 2022 میں بی آئی ایس پی کا بجٹ 235 ارب روپے تھا، جو 2023 میں اس کے بجٹ کے لئے 404.2 ارب مختص کئے گئے جو کہ 72فیصد اضافہ ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا کہنا ہے کہ بی آئی ایس پی کے مستحق گھرانوں کی تعداد بھی 60 لاکھ سے بڑھ کر 90 لاکھ ہوگئی، 2022 میں بینظیر کفالت کے سہ ماہی وظیفہ کی رقم 7000 روپے فی خاندان تھا جو اب 25فیصد اضافہ کے بعد سہ ماہی وظیفہ 8750 روپے کردیا گیا ہے۔ بینظیر تعلیمی وظائف کے تحت 2022 میں اندراج شدہ بچوں کی تعداد 2.6 ملین تھی، جبکہ اب 7.52 ملین بچے تعلیمی وظائف حاصل کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بینظیر انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرم کے تحت سال 2022 میں82000 سکالرشپس دی گئیں اور 2023 میں 92003 انڈرگریجویٹ طالب علموں کو اسکالرشپس سے نوازا گیا
ان کا کہنا ہے کہ بینظیر نشوونماپروگرام سے 7 لاکھ 70 ہزار مائیں اور انکے بچے مستیفد ہورہے ہیں، فیول سبسڈی پروگرام کے تحت 8.3 ملین گھرانوں میں 16.3 ارب روپے تقسیم کئے گئے۔ سال 2022 میں آنے والے سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے، سیلاب سے متاثرہ 2.8 ملین گھرانوں میں 70 ارب روپے تقسیم کئے گئے۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی کی این ایس سی آر رجسٹری میں 35 ملین گھرانوں کا ڈیٹا موجود ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواجہ سرائوں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کیاگیا ہے۔ مخصوص صلاحیت کے حامل افراد کیلئے پاورٹی کٹ آف اسکو ر کو 32 سے بڑھا کر 37 کیاگیا۔
اس موقع پر سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی کے تحت 90 لاکھ مستحق خاندانوں کی مالی معاونت کی جارہی ہے، رواں سال میں مزید 3 لاکھ مستحق گھرانوں کو پروگرام میں شامل کیا جائیگا، بی آئی ایس پی کے تحت آج سماجی تحفظ اکائونٹس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پائلٹ فیز میں سماجی تحفظ اکائونٹس کا آغاز سکھر، لاہور، پشاور، کوئٹہ، شمالی وزیر ستان، ڈی آئی خان اور سانگھڑ میں کیا گیا ہے۔ اس قدام کے ذریعے بینک کے انتخاب کا حق مستحق خواتین کے پاس ہوگا، جس مین چیک بکس اور ڈیبٹ کارڈ کی سہولت شامل ہے، مستحق خواتین کو بینک تبدیل کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا
مہان خصوصی وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف ، وفاقی وزیر و چیئرپرسن بی آئی ایس پی محترمہ شازیہ مری اور وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی سمیت دیگر نے تقریب میں بھر پور شرکت کی۔
Comments are closed.