پیر 27؍شعبان المعظم 1444ھ20؍مارچ 2023ء

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بورڈ نے بذریعہ اکاؤنٹ ادائیگی کے پائلٹ ماڈل کی منظوری دے دی

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بورڈ نے اپنے 58ویں اجلاس میں ادائیگی کے نئے ماڈل کی منظوری دی جس کے تحت بینظیر کفالت کے مستحقین بینک اکاؤنٹس کے ذریعے رقوم حاصل کر سکیں گے۔نقد امداد براہ راست ان کے بینک اکائنٹس کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔

اس نئے ادائیگی ماڈل کا پائلٹ ملک کے چار منتخب اضلاع میں متعارف کرایا جائے گا۔ پائلٹ کی کامیابی کے بعد ملک بھر میں مستحقین اپنی پسند کے بینکوں میں اپنے کھاتے کھول سکیں گے۔

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام محترمہ شازیہ مری کی زیر صدارت بورڈ کا اجلاس پیر کو کراچی میں سندھ اسمبلی بلڈنگ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

بی آئی ایس پی بورڈ نے بی آئی ایس پی مستحقین کو دیے جانے والے وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کرنے کے لیے انڈیکسیشن کمیٹی کی تجویز کی بھی منظوری دی۔ اضافے کے بعد سہ ماہی وظیفہ 7000 سے بڑھ کر 8750 روپے ہو جائے گا۔

بورڈ نے بلوچستان اور دیگر دور دراز علاقوں میں لوگوں کی رجسٹریشن کے لیے موبائل یونٹس کے استعمال کی تجویز کی بھی منظوری دی، جہاں لوگوں کے لیے بی آئی ایس پی مراکز تک پہنچنا مشکل تھا۔

اراکین کا خیال تھا کہ صوبے کے جغرافیائی پہلو کے پیش نظر بلوچستان پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ چیئرمین نادرا، جو کہ اجلاس میں بھی شریک تھے، سے کہا گیا کہ وہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کو شناختی کارڈ بنانے میں مدد کےلیے اضافی کوششیں کریں۔

بی آئی ایس پی بورڈ کو بتایا گیا کہ قومی سماجی و معاشی رجسٹری (این ایس ای آر) کے متحرک رجسٹریشن کے نئے عمل کے تحت ملک بھر میں بی آئی ایس پی کے تحصیل دفاتر میں 575 مراکز پہلے ہی کام کر رہے ہیں۔

مزید برآں بی آئی ایس پی بورڈ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ کام کرکے تجربہ حاصل کرنے کا ارادہ رکھنے والے یونیورسٹیوں کے نئے گریجویٹس کے لیے ایک انٹرن شپ پروگرام کی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں بورڈ ممبران ڈاکٹر اشفاق حسن خان، ڈاکٹر قیصر بنگالی، محترمہ ثانیہ رفعت، سیکرٹری بی آئی ایس پی یوسف خان اور سیکرٹری پی اے اینڈ ایس ایس غفران میمن نے شرکت کی۔

جبکہ بورڈ ممبران حارث غضدار، چیئرمین این ڈی اے آر اے، طارق ملک، ایڈیشنل سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن محترمہ ثمر احسان، اور ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ عامر محمود نے زوم لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

ڈی جی NSER/CCT نوید اکبر نے بورڈ کے اجلاس سے پہلے ایجنڈا آئٹمز پیش کیے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.