بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بیلجیئم میں دائیں بازو کے انتہا پسندوں کیخلاف کارروائی، ایک شخص ہلاک

بیلجیئم میں پولیس کی جانب سے دائیں بازو کے انتہاپسند گروپ کے خلاف کارروائی کے دوران ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ اس دوران پولیس نے 6 افراد کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور لڑائی کی دیگر اشیاء بھی برآمد کی ہیں۔

یہ بات بیلجیئم کے وزیر انصاف ونسینٹ فان کوئیکین بورن نے ذرائع ابلاغ کو بتائی۔

انہوں نے کہا کہ بیلجیئم کی ریاستی سلامتی کے ادارے اور کوآرڈینیشن یونٹ فار تھریٹ انیلیسز (OCAM) طویل عرصے سے اس بات پر قائل ہیں کہ بیلجیئم میں دائیں بازو کی انتہاپسندی عروج پر ہے۔ 

اس حوالے سے سلامتی کے اداروں نے 60 انتہاپسندوں کی نشاندہی کر رکھی تھی جو ریاست مخالف لڑائی کیلئے ہتھیار جمع کر رہے تھے۔

اس حوالے سے گذشتہ روز پولیس نے دارالحکومت برسلز سے ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع میرکسم Merksem سمیت کئی علاقوں میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔

میرکسم میں چھاپے کے دوران پولیس پر فائرنگ کی گئی۔ جوابی فائرنگ میں ایک شخص ہلاک اور 6 افراد گرفتار کر لیے گئے۔ چھاپے کے دوران مختلف اقسام کے 100 ہتھیار، بڑی تعداد میں گولیاں، آرمر جیکٹس، نائٹ وژن اور تھرمل وژن گاگلز بھی برآمد ہوئی ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے وزیر انصاف کو موت کی دھمکیاں ملنے پر ان کی سیکورٹی میں اضافہ کر دیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.