معروف فلسطینی نژاد امریکی سُپر ماڈل بیلا حدید نے بھی پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے اپنی آواز اُٹھا دی ہے۔
بیلا حدید نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پاکستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے دل دہلا دینے والے مناظر کی چند تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔
اُنہوں نے یہ ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’سیلاب کی وجہ سے پاکستان بھر میں 1 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں‘۔
اُنہوں نے لکھا کہ ’رواں سال جون سے اگست کے دوران، مسلسل جاری رہنے والی مون سون کی طوفانی بارشوں نے پاکستان کے چاروں صوبوں میں بہت سے دیہاتوں اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کردیا ہے‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’ملک بھر میں سیلاب سے کم از کم 33 ملین افراد متاثر ہوئے، 40 لاکھ ایکڑ فصلیں تباہ اور 8 لاکھ مویشی ہلاک ہوئے‘۔
بیلا حدید نے پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ صورتحال ناصرف پاکستانی عوام کے لیے تکلیف دہ ہے بلکہ یہ ملک میں طویل مدتی غذائی قلت کا باعث بھی بن سکتی ہے، جس سے ملک کی معیشت پر شدید دباؤ پڑے گا‘۔
اُنہوں نے لکھا کہ’پاکستان کو اس وقت موسمیاتی بحران کا سامنا ہے اور ایسے میں ہمیں پاکستانی عوام کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ مشکل وقت میں یونیسیف پاکستانیوں کو زندگی بچانے والا طبّی سامان، صاف پانی اور غذا، ذہنی تناؤ سے نکلنے میں مدد، تعلیمی وسائل اور بہت کچھ فراہم کر رہا ہے‘۔
امریکی سُپر ماڈل نے پاکستانیوں کی مدد کے لیے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ ’اگر آپ پاکستانیوں کی مدد کرسکتے ہیں اور اپنے عطیات دینا چاہیں تو میں لنک اپنے اکاؤنٹ کے بائیو میں شیئر کررہی ہوں‘۔
اُنہوں نے لکھا کہ ’اور اگر آپ مدد نہیں کرسکتے تو پھر بھی اس ماحولیاتی بحران کے بارے میں آگاہی اور اس سے متاثر لوگوں کے لیے بات کرنا بہت ضروری ہے‘۔
Comments are closed.