ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کا رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو لکھا گیا خط جیو نیوز کو موصول ہوگیا، جج ہمایوں دلاور نے خط میں سیکیورٹی وجوہات کے باعث ٹرانسفر کی درخواست کی۔
اپنے خط میں ہمایوں دلاور نے کہا کہ بیرون ملک سے میرے خاندان کو بھی دھمکیاں موصول ہوئیں، میں نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنایا۔
جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ ٹرائل کے دوران میرے خلاف سوشل میڈیا مہم شروع کی گئی، میرے بچوں کو اسکول جانے میں مشکلات اور ناخوشگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ میرے اور میری فیملی کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم شروع کی گئی ہے، ہل یونیورسٹی میں ورکشاپ کے دوران بھی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، صورتحال کو مدنظر رکھ کر مجھے ڈیوٹی اسپیشل کورٹس جی 11 یا ہائیکورٹ ٹرانسفر کر دیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جج ہمایوں دلاور نے برطانیہ سے واپسی پر اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط لکھا، انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو 17 اگست کو خط لکھا۔
Comments are closed.