جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم نے بیرونی قوتوں کے مفادات اور ان کے وفا داروں کےچنگل سے پاکستان کو نکالنا ہے، ہم پاکستان کے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں، اپنی خود مختیاری کےحوالے سے امریکا اور یورپ کو کہنا چاہتے کہ ہم دوستی کریں گے مگر غلامی قبول نہیں۔
کوئٹہ میں سراوان ہاؤس میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج صرف میرے لیے نہیں پوری جمعیت کیلئے خوشی کے لمحات ہیں، بلوچستان کی ممتاز شخصیت اور ممتاز رفقاء بڑی تعداد میں جے یو آئی میں شمولیت کااعلان کر رہے ہیں، میں دل کی گہرائیوں سے انہیں خوش آمدید کہتا ہوں اور مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
فضل الرحمان نے کہا کہ میں کئی بار یہاں حاضر ہوا اور رئیسانی صاحب کی میزبانی سے لطف اندوز ہوتا رہا ہوں، کئی دفعہ انہیں شامل ہونے کی دعوت دی، آج ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسائل کا انبار ہے، وسائل کچھ نہیں ہیں، بلوچستان کے جو وسائل ہیں ان پر یہاں کے لوگوں کا اختیار نہیں، ہم صوبے کے عوام کو اپنے صوبے کے وسائل کا مالک سمجھتے ہیں، ہمیں محنت کرنا پڑے گی تاکہ ہم اپنی حکومتیں بنائیں، جو حکومتیں ہم پر باہر سے مسلط کی جاتی ہیں، بیرونی قوتیں ہمارے اختیارات پر قبضہ کرتی ہیں۔
Comments are closed.