بدھ 21؍رمضان المبارک 1444ھ12؍اپریل 2023ء

بہرہ مند تنگی کا توشہ خانہ بل زیرِ غور

پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند تنگی کا پیش کر دہ توشہ خانہ بل قائمہ کمیٹی میں آج زیرِ غور آیا۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بہرہ مند تنگی نے کہا کہ کابینہ ڈویژن نے کہا تھا کہ توشہ خانے پر حکومت کوئی بل لا رہی ہے، میرے بل کو زیرِ التواء کرا دیا گیا اور کوئی واضح جواب نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں توشہ خانے کے تحائف فروخت کر دیے جاتے ہیں، میرے توشہ خانہ بل پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

توشہ خانہ دیکھ بھال سے متعلق انتظام اورانصرام بل 2023ء ایوان میں متعارف کروا دیا گیا۔

رانا مقبول احمد نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ کابینہ ڈویژن کوئی کام نہیں کرے گی تو ہم سینیٹر بہرہ مند تنگی کا بل پاس کر دیں گے۔

سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ یہ روایت رہی ہے کہ حکومت ایسے پرائیویٹ ممبر بل کو روکتی ہے جو انہیں کھٹکتا ہے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ توشہ خانے پر حکومتی بل کی سفارشات پیش کرنے کا آخری موقع دے رہے ہیں۔

سینیٹر رخسانہ زبیری نے کہا کہ توشہ خانے پر ہماری بہت بد نامی ہو گئی ہے۔

رانا مقبول احمد نے کہا کہ ہم جو بل بنائیں گے اس کے مطابق کوئی مفت تحائف نہیں لے سکے گا۔

سینیٹر رخسانہ زبیری نے کہا کہ ہم کیوں دوسرے ممالک سے تحائف وصول کریں؟ یہ تحائف ہمیں نہیں لینا چائیں۔

سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ ہم تو لیڈر شپ کو بد نام کرتے ہیں، مگر جو ادارہ اس کی دیکھ بھال کرتا ہے وہ خود کہاں کہاں تحائف تقسیم کرتا ہے۔

قائمہ کمیٹی نے کابینہ ڈویژن کو عید سے قبل توشہ خانے پر تمام امور طے کرنے اور عید کے بعد تمام سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.