پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے بہت سے دوستوں پر بھروسہ کیا مگر ہمیں سب نے ہی دھوکا دیا ہے، اب ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر اپنی جماعت کی سیاست کریں گے۔
خیر پور میں کارکنوں سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان عوام سے ان کے حقوق چھیننا چاہتا ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت آرہی ہے، جن جن کو خان صاحب نے بے روزگار کروایا ہے ان سب کو بحال کروائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جیالے ساری غیر جمہوری قوتوں کو بھگائیں گے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ طعنہ دیا جارہا ہے تھرپارکر، ٹھٹھہ، کراچی میں پانی نہیں، ہمیں دیوار سے نہ لگایا جائے، ہم کسی کو اپنے حق پر ڈاکا مارنے نہیں دیں گے، پانی منصفانہ طریقے سے بانٹا جائے، اب جیالے عوام کے حقوق کے لیے باہر نکلیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جیالے باہر نکلتے ہیں تو اپنا حق چھین لیتے ہیں چاہے ان کے سامنے جو بھی ہو، سب ساتھ مل کر نالائق اور نااہل حکومت کو گھر بھیجیں گے۔
Comments are closed.