بدھ 28؍رمضان المبارک 1444ھ19؍اپریل 2023ء

بہتر اور جامع رپورٹنگ کیلئے صحافیوں کو جدید تربیت فراہم کی جائے گی، صوبائی وزراء

بہتر اور جامع رپورٹنگ کرنے کے لیے صحافیوں کو جدید تربیت فراہم کی جائے گی جس سے وہ اور بہتر طور پر صحافتی ذمہ داریاں ادا کرسکیں گے۔

سندﮪ میں ٹیچرز لائسنس کی بنیاد رکھنے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ اور وزیر بورڈز و جامعات اسماعیل راہو نے گزشتہ روز ایجوکیشن جرنلسٹس ایسوسی ایشن پاکستان اور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ افطار عشائیہ کے موقع پر کیا۔ 

دونوں وزراء کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی جانب سے وقتاً فوقتاً معاملات کی نشاندہی کی جاتی ہے، جو بہتری کا سبب بنتی ہے۔ 

انہوں نے افطار عشائیہ کا اہتمام کرنے پر صحافیوں کا شکریہ ادا کیا اور صحافیوں کے بچوں کے تعلیمی معاملات میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

اس موقعے پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن سندﮪ ڈاکٹر طارق رفیع کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا انڈومنٹ فنڈ ہے جو ضرورت مند طالب علموں کو دیا جاتا ہے۔ جامعات خود بھی نیڈ بیس اسکالرشپس دیتی ہیں جب کہ پرائیویٹ یونی ورسٹیاں بھی 10 فیصد ضرورت مند لیکن میرٹ پر پورا اترنے والے طالب علموں کو مفت تعلیم دینے کی پابند ہیں۔

استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سنیئر صحافی سید محمد عسکری کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں صحافیوں کے لیے اپنے بچوں کی نجی جامعات اور اسکولوں میں تعلیم کو جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔ 

انہوں نے وزیر تعلیم، وزیر بورڈز و جامعات اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سمیت پرائیویٹ جامعات سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے بچوں کے لیے فسیوں کی مد میں ہر ممکن رعایت دی جائے۔ 

تقریب کی صدارت ایسوسی ایشن کے صدر محمد قاسم نے جب کہ نظامت کے فرائض ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری رانا جاوید نے انجام دیے۔ 

تقریب میں وائس چانسلر ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سعید قریشی، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر امجد سراج میمن، وائس چانسلر سکرنڈ یونیورسٹی و چیئرمین بورڈ بے نظیر آباد پروفیسر ڈاکٹر فاروق حسن، ایل آر این کی ثمرہ پیران، چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی ڈاکٹر سعیدالدین، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ پروفیسر افضال انصاری، ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن رفیعہ جاوید ملاح، مانیٹرنگ آفیسر اخلاق احمد، سیکریٹری کراچی میٹرک بورڈ محمد علی شائق موجود تھے۔

کنٹرولر امتحانات کراچی بورڈ حبیب اللّٰہ سہاگ، کنٹرولر انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی انجینئر انور خانزادہ، ناظم امتحانات کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر حسین، ڈائریکٹر ایچ ای سی سندھ نعمان احسن، ریجنل ڈائریکٹر ایچ ای سی سندھ جاوید علی میمن، ڈائریکٹر ایجوکیشن کراچی فرناز ریاض، آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدرعلی، وائس چیئرمین مرتضٰی شیرازی، جنرل سیکٹری ڈی ایم دانش بلوچ، کمیونیکیشن منیجر این ای ڈی یونیورسٹی فروا حسن سمیت ایجوکیشن جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ممبر صحافیوں نے شرکت کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.