جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

بہادرآباد میں MQM کے انتخابی دفتر کا افتتاح

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے عام انتخابات 2024ء کی تیاریاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں سوسائٹی ٹاؤن بہادرآباد یو سی-7 میں انتخابی دفتر کا افتتاح کر دیا گیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے فیصلہ کن انتخابات ہونے جارہے ہیں، مُلک اِس وقت سنگین بحران سے دوچار ہے پاکستان کے کرتا دھرتا لوگ اب بھی ہوش کے ناخن لیں نہیں تو سب ٹھاٹ پڑا رہ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی سیاست و معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے فرسودہ جاگیر دارانہ نظام کو ختم کرنا ہوگا، 2018ء کے بعد اصل گٹھ جوڑ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا تھا کہ تم سندھ کو لوٹو ہم وفاق کو لوٹتے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی متعصب سندھ حکومت نے گزشتہ پندرہ سالوں میں پانی کے ایک قطرے کا اضافہ نہیں کیا اور سندھ کا بیڑا غرق کر دیا گیا، کے 4 منصوبہ سرکلر ٹرین آج تک کھٹائی میں پڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد دنیا کو کیا بیچے گا اگر کراچی اُس کے ساتھ نا کھڑا ہو؟ پاکستان کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی نہیں کراچی مانیٹرنگ فنڈ کی ضرورت ہے، ساس اور بہو کے رویّے میں اب تبدیلی آنی چاہئے ہمیں تیسرے درجے کا شہری بننا کسی صورت قبول نہیں۔

اس موقع پر رکنِ رابطہ کمیٹی و سابق رکنِ قومی اسمبلی کشور زہرا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت نے ثابت کر دیا کہ تمام ہتھکنڈوں اور سازشوں کے باوجود یہ شہر صرف ایم کیو ایم پاکستان کا ہے ہم کنکر نہیں بلکہ ایک سنگلاخ چٹان ہیں، ہم کسی سے لڑائی نہیں چاہتے حالات چاہے جیسے بھی ہوں شہری سندھ خاص طور پر کراچی کی عوام نے ہر طرح ایم کیو ایم پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ 

اِس موقع پر اراکینِ رابطہ کمیٹی اِرشاد ظفیر،انچارج سی او سی فرقان اطیب اور اراکین، اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.