پاکستان کرکٹ ٹیم آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینے کے جنون میں مبتلا ہونے کے بجائے قومی ٹیم کو ایونٹ جیتنے پر توجہ دینی چاہیے۔
شاداب خان نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا ہے کہ پاک بھارت ٹاکرے میں بہت دباؤ ہوتا ہے اور یہ ایونٹ کے سب سے بڑے مقابلوں میں سے ایک ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان بھارت کے خلاف میچ جیت گیا اور ورلڈ کپ ہار گیا تو اس جیت کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا، اس لیے ہمیں ٹرافی گھر لانے پر توجہ دینی چاہیے۔
شاداب خان کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف کھیلنے کی ایک الگ ہی خوشی ہوتی ہے، مجموعی طور پر اس مقابلے کا دباؤ بھی مختلف ہے اور اب تو جب ہم نے بھارت جانا ہے تو وہ ان کا ہوم گراؤنڈ ہو گا اور ہجوم بھی ہمارے خلاف ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتِ حال میں میرا خیال ہے کہ اگر ہم بھارت سے ہار بھی جاتے ہیں لیکن ورلڈ کپ جیت جاتے ہیں تو یہی ہماری جیت ہے کیونکہ ہمارا بنیادی مقصد ٹورنامنٹ جیتنا ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے شیڈول کے مطابق ایونٹ کا سب سے زیادہ مقبول میچ بھارت اور پاکستان کے درمیان 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے احمد آباد میں کھیلنے پر مسلسل تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اس لیے پاک بھارت ٹاکرے کے لیے وینیو کو تبدیل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، اگر ورلڈ کپ کا یہ مقابلہ احمد آباد میں نہیں ہوا تو پھر چنئی میں ہو گا۔
Comments are closed.