بھارتی میزائل پاکستان میں گرنے کے واقعے کے بعد نئی دہلی سرکار نے اپنے دفاعی نظام کے ازسرنو جائزے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھارتی راجیہ سبھا میں بیان دیا کہ رواں ماہ 9 مارچ کو انسپیکشن کے دوران حادثاتی طور پر میزائل ریلیز ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ میزائل یونٹ میں معمول کی انسپیکشن کے دوران تقریباً شام 7 بجے ایک میزائل حادثاتی طور پر ریلیز ہوا، بعد میں علم ہوا کہ میزائل پاکستانی حدود میں جاگرا۔
بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ حادثاتی طور پر میزائل کا پاکستانی حدود میں جاگرنے کا واقعہ افسوسناک ہے، اطمینان کی بات یہ ہے کہ میزائل سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے میزائل کے پاکستانی حدود میں گرنے کے واقعے کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے، واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، کیونکہ واقعے کی اصل وجہ تحقیقات سے ہی معلوم ہوسکے گی۔
بھارتی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اس واقعے کے تناظر میں آپریشنز، دیکھ بھال اور معائنے کے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، ہم اپنے ہتھیاروں کے نظام کی حفاظت اور سیکیورٹی کو سب سے زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔
راج ناتھ نے کہا کہ اگر اس تناظر میں کوئی کوتاہی پائی گئی تو اسے فوری طور پر دور کیا جائے گا، ہمارا میزائل سسٹم انتہائی قابل اعتماد اور محفوظ ہے، ہمارا حفاظتی طریقہ کار اور پروٹوکول اعلیٰ سطح کے ہیں۔
Comments are closed.