بھارتی پولیس نے مبینہ طور پر کروڑوں کی ڈکیتی میں ملوث جوڑی کو شربت پلانے کے بہانے گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لدھیانہ میں کیش مینجمنٹ فرم کے دفتر میں ڈکیتی کرنے والی سرغنہ مندیپ کور اور اس کے شوہر جسوندر سنگھ کو اتراکھنڈ سے گرفتار کرلیا ہے۔
اس جوڑی نے مسلح ڈاکوؤں کی مدد سے 10 جون کو کیش مینجمنٹ فرم کے دفتر میں محافظوں کو زخمی کرکے، 8 کروڑ روپے نقد چرا لیے تھے۔
لدھیانہ پولیس کمیشن مندیپ سنگھ سدھو کے مطابق مندیپ کور اور جسوندر سنگھ کامیاب ڈکیتی پر شکر ادا کرنے کے لئے سکھوں کی عبادت گاہ ہیم کنڈ صاحب پہنچے۔
پولیس کے مطابق 8 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث یہ جوڑا نیپال فرار ہونے والا تھا لیکن انہیں پکڑنے کے لئے جاری کئے گئے ایک نوٹس کی وجہ سے انہیں اپنا منصوبہ تبدیل کرنا پڑا اور انہوں نے ہیم کنڈ صاحب، کیدارناتھ اور ہریدوار جانے کا فیصلہ کیا تاکہ اپنی ڈکیتی کی کامیابی پر شکر ادا کرسکیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ہیم کنڈ صاحب میں ان کی موجودگی کی اطلاع پہلے ہی مل گئی تھی تاہم یہ ایک بڑا چیلنج تھا کہ عقیدت مندوں کی بھیڑ میں انہیں شناخت کرسکیں، جس کے لئے مفت شربت تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا۔
اس منصوبے کے تحت تمام عقیدت مندوں کو مختلف پھلوں کے ذائقے والے مشروبات تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا جس کے تحت اسٹال لگائے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ امید کے مطابق اس جوڑے نے بھی اس اسٹال کا رخ کیا اور اپنا پسندیدہ مشروب لیا اور اسے پینے کی خاطر اپنا ماسک نیچے کیا تو ہمارے سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے انہیں پہچان لیا۔
تاہم پولیس اہلکاروں نے ان کی عبادت مکمل ہونے کے بعد ان کا تعاقب کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق اس جوڑے کے قبضے سے 21 لاکھ روپے کی رقم موقع پر برآمد کرلی جبکہ 8 کروڑ میں سے کُل 6 کروڑ برآمد ہوچکے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ انہوں نے اس کیس میں 100 گھنٹے سے بھی کم وقت میں 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، ان سے تحقیقات جاری ہیں۔
Comments are closed.