بھارت نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میچ میں 67 رنز سے ہرادیا۔ ہوم ٹیم کی جانب سے ویرات کوہلی جبکہ مہمان ٹیم کے کپتان داسُن شناکا نے بھی سنچری بنائی۔
گواٹی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 373 رنز بنائے۔
سابق کپتان ویرات کوہلی نے ون ڈے فارمیٹ میں اپنے کیریئر کی 45ویں سنچری داغ دی۔ انہوں نے 87 گیندوں پر 113 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان روہیت شرما 83 اور شبمن گل 70 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے کاسُن رجیتھا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دلشان مدوشنکا، چمیکا کرونارتنے، داسُن شناکا اور دھننجیا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بلے بازوں نے بھرپور کوشش کی لیکن پاتھم نسانکا، دھننجیا ڈی سلوا اور کپتان داسُن شناکا کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
پاتھم نسانکا نے 70 اور دھننجیا ڈی سلوا نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔
میچ جب سری لنکا کی گرفت سے نکل گیا تو صورتحال اس وقت دلچسپ ہوئی جب اننگز کے اختتامی لمحات میں شناکا 98 رنز بنا کر کیریز پر موجود تھے۔
آخری اوور میں بھارتی بولر محمد شامی نے گیند کروانے سے قبل ہی نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود شناکا کو رن آؤٹ کردیا تاہم بھارتی کپتان روہیت شرما نے اپنی یہ اپیل واپس لے لی۔
داسُن شناکا نے میچ کے خاتمے سے دو گیندیں قبل اپنی سنچری مکمل کی تاہم سری لنکا کو 67 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت کی جانب سے عُمران ملک نے 3، محمد سراج نے 2 جبکہ محمد شامی، ہاردیک پانڈیا اور یوزویندر چاہل نے ایک ایک وکٹ لی۔
بھارت کے ویرت کوہلی کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Comments are closed.