ایشیا کپ 2022 کے غیر اہم میچ میں بھارت نے افغانستان کو 101 رنز سے شکست دے دی۔
بھارت کی جانب سے دیے گئے 213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز ہی بناسکی۔
دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
پہلے بیٹنگ کی دعوت کا فائدہ بھارتی ٹیم نے بھرپور انداز میں اٹھایا اور اوپنر آنے والے ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے ٹیم کو پہلی ہی وکٹ پر 119 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
یہاں کے ایل راہول 62 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، تو ایک چھکا لگانے کے بعد سوریا کمار یادیو بھی پویلین لوٹ گئے۔
ایسے میں ناقابلِ شکست 20 رنز بنانے والے ریشبھ پنت نے ویرات کوہلی کا ساتھ دیا، ویرات نے اپنی فارم میں شاندار واپسی کرتے ہوئے افغان بولرز کی درگت بنادی اور 53 گیندوں پر سنچری بھی بنائی۔
خیال رہے کہ یہ ویرات کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پہلی جبکہ مجموعی طور پر بین الاقوامی کرکٹ میں نومبر 2019 کے بعد پہلی سنچری ہے۔
ویرات کوہلی نے 61 گیندوں پر 12 چوکوں اور 6 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 122 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 212 پر پہنچایا۔
افغانستان کی جانب سے دونوں وکٹیں لینے والے بولر فرید احمد تھے۔
خیال رہے کہ اس میچ کا نتیجہ پوائنٹس ٹیبل پر اثر انداز نہیں ہوگا۔
بھارت اور افغانستان سپر فور مرحلے کے اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں شکست کے بعد ایونٹ میں فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے۔
اس میچ میں بھارتی ٹیم سے مستقل کپتان روہیت شرما ہی آؤٹ ہوگئے ہیں جبکہ آج کے میچ میں کے ایل راہول ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
بھارتی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں روہیت شرما، یوزویندر چاہل اور ہاردیک پانڈیا کی جگہ پر دنیش کارتھک، اکشر پٹیل اور دیپک چاہر کو شامل کیا گیا ہے دوسری جانب افغان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے افغانستان کے کپتان محمد نبی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف میچ ٹف تھا، آج کا میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
بھارتی ٹیم کے کپتان کے ایل راہول کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے، اپنے آپ کو چیلنج دیتے ہوئے ٹارگیٹ سیٹ کرنا چاہتے ہیں۔
ٹیم میں روہیت شرما کی عدم شرکت سے متعلق کے ایل راہول کا کہنا تھا کہ روہیت یہاں کی سخت کنڈیشنز اور پھر آگے ورلڈکپ کو دیکھتے ہوئے بریک لینا چاہتے تھے۔
افغانستان کی ٹیم کپتان محمد نبی، حضرت اللّٰہ زازئی، رحمان اللّٰہ گرباز، ابراہیم زادران، نجیب اللّٰہ زادران، کریم جنت، راشد خان، عظمت اللّٰہ عمرزئی، فرید احمد، مجیب الرحمان اور فضل حق فاروقی پر مشتمل ہے۔
کے ایل راہول کی قیادت میں میدان میں اترنے والی بھارتی ٹیم میں ویرات کوہلی، سریا کمار یادیو، ریشبھ پنت، دیپک ہوڈا، دنیک کارتھک، اکشر پٹیل، دیپک چاہر، بھونیشور کمار، روی ایشوین اور ارشدیپ سنگھ شامل ہیں۔
Comments are closed.