بھارت میں ٹماٹروں کی قیمت کو پر لگنے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں 445 فیصد اضافے نے عوام کے ہوش اڑا دیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارت میں ٹماٹر کی قیمتیں خراب موسم کی وجہ سے بڑھ رہی ہیں جس کا پیٹرول سمیت دیگر ضروری اجزاء کی قیمتوں سے موازنہ کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور گزشتہ ماہ معمول سے زیادہ گرم درجہ حرارت نے ٹماٹر کی پیداوار کو متاثر کیا جس کی وجہ سے اس سال قیمتوں میں 5 گنا اضافہ ہوا۔
رپورٹس کے مطابق بھارت میں ٹماٹر عام طور پر جون اور جولائی کے مہینوں میں مہنگے ہو جاتے ہیں لیکن اس سال ان کی قیمت کچھ زیادہ ہی بڑھ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دلی میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 120 روپے ہے جو کہ سال کے آغاز میں 22 روپے تھی جبکہ پیٹرول کی قیمت 96 روپے فی لیٹر ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹماٹروں کی بڑھتی قیمت کی وجہ سے احتجاج کی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب بھارت میں سوشل میڈیا پر شہری ٹماٹروں کی بڑھتی قیمت پر تنقید اور مذاق بھی کر رہے ہیں۔
Comments are closed.