بھارتی ریاست منی پور میں مشتعل ہجوم نے ریاستی وزیر برائے خارجہ امور آر کے رانجن کا گھر جلا ڈالا۔
وزیر کے گھر ہونے والی تباہی کی تصاویر میں خاکستر گاڑیاں، دستاویزات اور سیاہ دھوئیں سے اٹی ہوئی دیواریں نظر آرہی ہیں۔
مشتعل ہجوم نے سامنے آنے والی ہر شے کو جلا ڈالا، واقعے کے وقت گھر پر کوئی نہیں تھا۔
ہجوم نے وزیر کے گھر کو جلانے کیلئے پیٹرول بم پھینکے، کتابوں کو آگ لگائی اور راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تقریباً ایک ہزار افراد نے وزیر کی رہائشگاہ پر حملہ کیا۔
حملے کے وقت گھر کا کوئی فرد موجود نہیں تھا لیکن سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھے جن سے ہجوم نے اسلحہ چھین لیا۔
خیال رہے کہ منی پور میں پچھلے 45 دن سے کشیدگی اور پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں۔
بگڑتی صورتحال میں 100 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 10 ہزار سے زائد گھروں کو نذرآتش کیا جاچکا ہے۔
Comments are closed.