بھارتی جیل میں قید کے دوران بنگلہ دیشی خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے، ماں اور نومولود دونوں کو اسپتال سے واپس جیل منتقل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 42 سالہ خاتون کو چھ ماہ قبل اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ بھارتی ریاست آسام کے ضلع کریم گنج سے بنگلہ دیش جانے کی کوشش کر رہی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 6 ماہ سے قید چاندنی شیخ کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
ضلع کریم گنج کے شریک ڈائریکٹر صحت شمس العالم کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کیمپ میں دو بنگلہ دیشی خواتین لائی گئی تھیں جن میں سے ایک خاتون چاندنی شیخ حاملہ تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ ان میں سے دوسری خاتون اس وقت یہاں موجود ہیں یا پھر انہیں ڈی پورٹ کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا انہوں نے خاتون کو مناسب سہولیات فراہم کی تھیں جن میں چیک اپ، ادویات اور کھانا وغیر شامل تھا۔
مقامی اسپتال کے ہیلتھ ورکر نے میڈیا کو بتایا کہ چاندنی شیخ کو کریم گنج کے جیل سے سیدھا اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کے ہاں آپریشن کی مدد سے بچے کی ولادت ہوئی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خاتون نے انہیں بتایا کہ ان کے ہاں یہ چوتھے بچے کی پیدائش ہے، جبکہ ان کے باقی تین بچے بنگلہ دیش میں ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے الزام عائد کیا کہ خاتون غیر قانونی طور پر اپنے شوہر اور خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ فروری 2020 میں بھارت آئیں اور کام کی تلاش میں یہ لوگ ممبئی چلے گئے تھے۔
دوسری جانب ایک مقامی وکیل نے بھارتی شہریت کے قانون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ نومولود بھارتی شہری نہیں ہوگا، بھارتی شہری ہونے کے لیے اس کے والدین کا بھارتی ہونا ضروری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ماں اور بچہ دونوں محفوظ ہیں اور دونوں کو واپس جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
Comments are closed.