اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بھارت سے تعلقات کو بہتر کرنا کشمیری شہدا کے خون سے غداری قرار دے دیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے براہ راست شہریوں کے سوالات کے جوابات دیے اور گفتگو بھی کی۔ عوام سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت مشکل وقت میں حکومت ملی، جب حکومت میں آئے تو بیرونی اور اندرونی قرضوں کا بوجھ تھا، کبھی کسی حکومت کو اتنے مسائل نہیں ملے جتنے ہمیں ملے، کسی کو امید بھی نہیں تھی کہ جی ڈی پی گروتھ 4 فیصد ہوگی، اب ماہرین کے مطابق جی ڈی پی گروتھ 4 فیصد سے بھی اوپر جائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم کو پہلے دن ہی کہا تھا کہ مشکل وقت سے گزرنا پڑے گا، جب تک آمدنی نہیں بڑھتی مشکل وقت سے گزرنا پڑے گا، مہنگائی اور بیروزگاری،لوگوں کی یہ دو ہی مشکلات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ ہیں، ہمیں پتہ ہے انہوں نے کتنی قربانیاں دی ہیں، اِس وقت بھارت سے تعلقات بہتر کرنا کشمیری شہدا کے خون سے غداری ہوگی، کشمیریوں کے خون کی سودے بازی نہیں ہو سکتی، بھارت 5 اگست 2019 کا اقدام واپس لے تو بات چیت ہوسکتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ بھی کشمیر جیسا ہے، بھارت باہر سے لوگوں کو لاکر مقبوضہ کشمیر کی شناخت تبدیل کررہا ہے، اور یہی کام اسرائیلی کررہے ہیں، مسئلہ فلسطین کا حل ظلم نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ہر مشکل کے بعد آسانی ہے، محنت کے بعد انسان اوپرجاتا ہے، مشکل وقت میں حکومت ملی، کبھی کسی حکومت کو اتنے مسائل نہیں ملے جتنے ہمیں ملے۔
Comments are closed.