جمعرات 4؍ربیع الاول 1445ھ21؍ستمبر 2023ء

بھارت سکھ رہنما کے قتل کی تحقیقات میں تعاون کرے، کینیڈین وزیراعظم

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ سکھ رہنما کے قتل کی تحقیقات میں تعاون کرے۔

نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا بھارت کو اشتعال نہیں دلا رہا نہ مسائل پیدا کر رہا ہے، یہ معاملہ قانون کی حکمرانی کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سکھ علیحدگی پسند رہنما کا قتل سنگین معاملہ ہے، اس معاملےکو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے اور ہم یہی کر رہے ہیں، انصاف کی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے عالمی رہنماؤں کو خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ٹہرانے کی وجوہات پر اعتماد میں لیا۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں انصاف کا سخت اور آزاد نظام موجود ہے، یقینی بنائیں گے کہ کینیڈین نظام کا احترام کیا جائے۔

وزیراعظم ٹروڈو نے کہا کہ اندرون ملک یا بیرون ملک کینیڈین شہریوں کی حفاظت کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مودی سے اپنے خدشات پر کھل کر بات کی تھی، بھارت اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت احتساب اور  انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہم سے مل کر کام کرے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.