بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بھارت: بھینس نے بس شیلٹر کا افتتاح کر دیا، ویڈیو وائرل

پڑوسی ملک بھارت میں بھینس نے بس شیلٹر کا افتتاح کر دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کرناٹک میں رن ڈاؤن بس اسٹاپ کے بارے میں حکومت کی بےحسی سے مایوس دیہاتیوں نے معاملات کو اپنے ہاتھ میں لیا اور عجیب احتجاج کرتے ہوئے ایک بھینس سے بس شیلٹر کا افتتاح کرایا۔

زیرِ بحث بس اسٹینڈ پہلی بار 40 سال قبل بنایا گیا تھا، تاہم اس کی چھت ایک دہائی قبل گر گئی تھی جس پر حکومت کی جانب سے توجہ نہیں دی گئی اور وہ مسلسل لاتعلقی کا اظہار کرتی رہی۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے بتایا کہ 2 سال ہو چکے ہیں، ہم مقامی ایم ایل اے اور ایم پی سے بس شیلٹر کو بحال کرنے کی درخواست کر رہے ہیں، رہنماؤں نے وعدہ کیا کہ کارروائی کی جائے گی لیکن زمینی سطح پر کبھی کچھ نہیں کیا گیا۔

حکومت کے رویے سے تنگ آ کر مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت رقم جمع کر کے بس شیلٹر بنوایا اور انوکھا احتجاج کرتے ہوئے اس بس شیلٹر کا افتتاح ایک بھینس سے کروایا جس کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہجوم میں بھینس موجود ہے اور اردگرد موجود لوگ اُس سے بس شیلٹر کا افتتاح کروا رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.