بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بھارت: باپ نے بیٹی کو قتل کرانے کیلئے ایک لاکھ روپے دیدیے

پڑوسی ملک بھارت میں باپ نے اپنی محبت کو نہ چھوڑنے والی بیٹی کو قتل کرنے کے لیے قاتل کو 1 لاکھ روپے دے دیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اُتر پردیش میں باپ کی بار بار درخواست کے باوجودد بیٹی نے اپنے محبوب سے تعلقات ختم نہ کیے جس پر ناراض باپ نے بیٹی کو قتل کروانے کا منصوبہ بنا لیا۔

لڑکی کے والد نوین کمار نے جمعے کی رات اپنی بیٹی کو اسپتال میں داخل کرایا تھا تاہم چند گھنٹوں بعد اس نے بیٹی کو دوسرے اسپتال منتقل کر دیا۔

نوین کمار نے اسپتال کے ایک وارڈ بوائے کو 1 لاکھ روپے کی رقم دی تاکہ وہ اُس کی بیٹی کو قتل کر سکے۔

وارڈ بوائے نے لڑکی کو پوٹاشیئم کلورائیڈ کی زیادہ مقدار کا انجیکشن لگا دیا جس کی وجہ سے رات کو لڑکی کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔

معائنے پر ڈاکٹروں کو معلوم ہوا کہ لڑکی کو پوٹاشیئم کلورائیڈ کی زیادہ مقدار کا انجیکشن لگایا گیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں لڑکی کو انجکشن دینے والے شخص کی شناخت نریش کمار کے طور پر ہوئی جس کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس نے جب نریش کمار سے پوچھ گچھ کی تو اُس نے پولیس کو بتایا کہ لڑکی کے والد نے اس کے قتل کے لیے اُسے 1 لاکھ روپے دیے اور وہ ڈاکٹر کا روپ دھار کر ایک خاتون ملازمہ کی مدد سے آئی سی یو میں داخل ہوا تھا اور پھر اُس نے لڑکی کو انجیکشن لگایا۔

دوسری جانب پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد نوین کمار، وارڈ بوائے نریش کمار اور اسپتال کی ایک خاتون ملازمہ کو گرفتار کرلیا۔

لڑکی کے والد نوین کمار نے پولیس کو بتایا کہ اُس بیٹی کسی لڑکے سے محبت کرتی تھی اور روکنے کے باوجود بھی بیٹی نے لڑکے کے ساتھ تعلقات ختم نہیں کیے تھے جس کی وجہ سے میں اسے سے ناراض تھا۔ 

نوین کمار نے بتایا کہ میری بیٹی نے تنگ آ کر چھت سے چھلانگ لگا دی تھی لیکن جب میں نے اُسے زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کروایا تو ڈاکٹروں کو جھوٹ بتایا کہ وہ چھت پر بندروں سے ڈر کر گر گئی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.