جمعرات 13؍صفر المظفر 1445ھ31؍اگست 2023ء

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی پاکستانی بولنگ اٹیک کے معترف

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے بھی پاکستان ٹیم کے بولگن اٹیک کی تعریف کردی۔ 

بھارتی کرکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی اصل طاقت اس کے بولرز ہیں جو کسی بھی موقع پر میچ کا رخ بدل سکتے ہیں۔

ایشیا کپ سے قبل ایونٹ براڈکاسٹرز کی جانب سے جاری کردہ تازہ انٹرویو میں ویرات کوہلی نے کہا کہ پاکستان کیخلاف کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے کیوں کہ پاکستان ٹیم میں کافی اچھا ٹیلنٹ ہے، وہ ایک کوالٹی ٹیم ہے۔

ویرات کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی سب سے مضبوط اسٹرینتھ اس کی بولنگ ہے کیوں کہ پاکستان ٹیم میں ایسے بااثر اور باصلاحیت بولرز ہیں جو کسی بھی موقع پر اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے میچ کا رخ بدل سکتے ہیں۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی بولرز کا سامنا کرنے کےلیے اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔

انٹرویو میں ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ ون ڈے کرکٹ کو انجوائے کرتے ہیں، کیوں کہ ون ڈے کرکٹ کا چیلنج ان کا بہترین کھیل سامنے لاتا ہے۔ یہ فارمیٹ ایک بیٹر کا مکمل امتحان لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ہمیشہ یہ ہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ہر میچ میں ہر سیزن میں پہلے سے بہتر کیسے ہوسکتے ہیں؟ یہی وجہ ہے کہ کارکردگی میں تسلسل رہتا ہے کیوں کہ اگر آپ نے صرف ایک پرفارمنس کو ہدف بنا کر رکھا تو ایک موقع پر آکر آپ خود سے مطمئن ہو کر محنت کرنا بند کردیں گے۔

ویرات کوہلی نے کہا کہ ان کی نظر میں بہتری کی کوئی تعریف نہیں، کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہاں آکر سب کچھ حاصل کرلیا۔ کوشش ہوتی ہے کہ ہر میچ میں بہتری لائیں اور اس سوچ کے ساتھ ہی پرفارمنس خود بخود آجاتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.