بھارت کی نجی ایئرلائن کے پائلٹ نے دوران پرواز خصوصی اعلان کر کے اپنی اہلیہ کو سرپرائز دیتے ہوئے خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں کیپٹن النیز نے کہا کہ میں ایک خصوصی اعلان کرنا چاہتا ہوں، کبھی کبھار مجھے بہت خاص پرواز اُڑانے کا موقع ملتا ہے اور آج ایسی ہی ایک پرواز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ اس فلائٹ میں ایک خصوصی مسافر موجود ہیں، مجھے یہ اعزاز مل رہا ہے کہ میں اپنی اہلیہ کو ممبئی لے کر جا رہا ہوں۔
پائلٹ نے مزید کہا کہ شاید یہ آپ سب لوگوں کے لیے بہت معمولی بات ہو لیکن میرے لیے یہ بہت اہم ہے، میں نے سوچا کیوں نہ آپ لوگوں سے بھی اپنی خوشی کا اظہار کروں۔
بھارتی پائلٹ کی اس ویڈیو کو ان کی اہلیہ زہرا نے اپنے انسٹاگرام پر اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیا کہ آپ کی شریک حیات ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ ایسی فلائٹس میں سفر کیا ہے کہ جب میرے شوہر خود جہاز اُڑا رہے تھے لیکن کبھی بھی ایسا نہیں ہوا۔
زہرا نے اپنے خاوند کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دنیا کو بتادیا کہ اصل زندگی میں شاہ رخ خان کے جیسا رومانس کرنا ممکن ہے۔
یہ ویڈیو چند روز قبل شیئر کی گئی تھی جسے اب تک 80 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے جبکہ 9 لاکھ سے زائد لائکس بھی ملے ہیں۔
Comments are closed.