پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج سید علی گیلانی سے اتنی خوفزدہ تھی کہ ان کے جنازے اور تدفین پر کرفیو لگا دیا۔
یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر شیری رحمٰن نے سینئر کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر جاری کیئے گئے ایک تعزیتی بیان میں کہی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سید علی گیلانی نے تمام عمر کشمیر کی جدوجہدِ آزادی میں گزار دی۔
واضح رہے کہ سینئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی گزشتہ روز بھارتی قید میں انتقال کر گئے۔
انتقال کے وقت سید علی گیلانی کی عمر 92 سال تھی اور 12 برس سے انہیں بھارتی فوج نے گھر میں نظر بند کر رکھا تھا۔
سید علی گیلانی کشمیر پر بھارتی قبضے کے بڑے مخالف اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے علم بردار تھے۔
پاکستان میں سید علی گیلانی کی وفات پر قومی پرچم سرنگوں ہے اور ان کی یاد میں آج سرکاری سطح پر سوگ منایا جا رہا ہے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیرِ اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق، وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت حریت رہنماؤں اور پاکستان کے دیگر رہنماؤں نے سید علی گیلانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
Comments are closed.