بھارت کے شہر بنگلورو میں خواتین کو قتل کر کے لاش پلاسٹک ڈرم میں پھینکنے کے کئی واقعات کے بعد سیریل قاتل کی گونج سنائی دینے لگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دسمبر سے اب تک 3 خواتین کی لاشیں پلاسٹک ڈرم سے مل چکی ہیں جبکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ایک کیس کا مکمل سراغ لگا لیا گیا ہے۔
بھارتی پولیس کے مطابق پیر کو بنگلورو میں ریلوےاسٹیشن کے دروازے کے نزدیک سے صبح 10 اور 11 بجے کے درمیان ڈرم سے نوجوان خاتون کی لاش ملی جس کی شناخت 27 سالہ تمنا کے نام سے ہوئی اور اسے خاندانی تنازع پر قتل کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق اس کیس کے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر 5 ملزمان فرار ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 6 دسمبر کو ٹرین سے ایک ڈرم میں خاتون کی لاش ملی تھی جبکہ 4 جنوری کو بھی ریلوے اسٹیشن سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ان قتل کی وارداتوں میں سیریل کلر کے ملوث ہونے کے شبے کو رد کردیا ہے۔
ریلوے پولیس افسر کا حالیہ کیس سے متعلق کہنا ہے کہ اس کا دیگر 2 کیسز سے کوئی تعلق نہیں، ہمیں ایسی کوئی چیز نہیں ملی کہ جس سے کہا جائے کہ اس میں کوئی سیریل کلر ملوث ہے۔
دوسری جانب سیاسی جماعت کانگریس نے ان واقعات کو لے کر حکمران جماعت بی جے پی پر تنقید کی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں قتل کے بعد لاشوں کے کئی ٹکڑے کرنے کے متعدد واقعات بھی سامنے آچکے ہیں۔
Comments are closed.