مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی فوٹو جرنلسٹ ثنا ارشاد کو بھارتی حکام نے بغیر کوئی وجہ بتائے بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا۔
ثنا ارشاد نے الجزیرہ ٹی وی کو ٹیلیفون پر رابطہ کرکے بتایا کہ انہیں ایک کتاب کی تقریب رونمائی اور تصویری نمائش میں شرکت کے لیے نئی دہلی سے پیرس کا سفر کرنا تھا۔
ثنا سرینگر کی رہائشی ہیں، وہ صحافت کا بین الاقوامی ایوارڈ پولٹزر بھی جیت چکی ہیں۔
ثنا کا کہنا تھا کہ ہفتے کی دوپہر انہیں امیگریشن عملے نے روکا اور تین گھنٹے انتظار کروایا، یہاں تک کے ان کی پرواز روانہ ہوگئی۔
خاتون صحافی نے کہا کہ حکام نے انہیں صرف یہ بتایا کہ وہ بیرون ملک سفر نہیں کرسکتیں لیکن مزید کوئی وضاحت نہیں دی۔
ایک امیگریشن افسر نے ثنا ارشاد سے کہا کہ آپ کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے لیے کشمیر سے احکامات آئے ہیں، آپ وہاں معلوم کریں۔
کشمیری صحافی نے اپنے ٹکٹ اور پاسپورٹ کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کیں۔
صحافیوں کے حقوق کے لیے سرگرم بین الاقوامی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ (سی پی جے) نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیری صحافیوں کو بیرون ملک سفر سے روکنے کا عمل ختم کرے۔
Comments are closed.