بدھ 19؍جمادی الاول 1444ھ 14؍دسمبر 2022ء

بھارتی تخریب کاریوں پر خاموش نہیں رہیں گے، پاکستان

sabotage

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ پاکستان امن کو نقصان پہنچانے والی بھارتی تخریب کاریوں پر خاموش نہیں ہوگا۔امید ہے بین الاقوامی برادری بھارت کے منفی عزائم کا احتساب کرے گی۔

حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان آج بھی دہشت گردی کا مقابلہ کررہا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، واضح ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے،جوہر ٹاﺅن دھماکے میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید، شواہد موجود ہیں ہماری یہ کوشش دنیا کی  توجہ مبذول کروانے کے لیے ہے، ہم دنیا سے چیزوں کو شواہد کی بنیاد پر دیکھنے کی توقع کرتے ہیں.۔یہ بات انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خطے میں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، بھارت مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ہمیشہ جھٹلاتا رہا ہے۔ بھارت پاکستان میں امن ہی نہیں چاہتا، بھارت کالعدم تنظیم بی ایل اے کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے۔ صرف بھارت کو اگر ذمہ دار نہ بھی سمجھیں تو ماضی اور حالیہ واقعات وہاں سے دہشت گردی ثابت کرتی ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جو کارروائیاں ہورہی ہیں، اس سے خطے کو براہ راست نقصان پہنچ رہا ہے، ہمارے پاس بھارت کے ملوث ہونے ثبوت ہیں، اس بات سے انکار نہیں کہ سی پیک کو متاثر کرنے میں بھی بھارت ملوث ہے۔ پاکستان کے خلاف بھارت جو کررہا ہے ہم ان پر خاموش نہیں، ہمارے پاس بھارت کی جانب سے تخر یبی کارروائیوں کے ناقابل تردید شواہد ہیں.

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بھارت کے خلاف جو شواہد تھے ان میں سے ہم نے کچھ یو این سیکریٹری جنرل کو بھی پیش کیے، اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ارکان سے بھی ڈوزیئر شیئر کیا ہے۔ ہمیں امید ہے بین الاقوامی برادری بھارت کے منفی عزائم پر اس کا احتساب کرے گی۔

You might also like

Comments are closed.