بھارتی شہر لکھنؤ سے تعلق رکھنے والے 16 سالہ لڑکے نے موبائل پر گیمز کھیلنے سے منع کرنے پر ماں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
بھارتی میڈیا ویب سائٹ ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ اتوار کو اس وقت پیش آیا جب پب جی موبائل گیم کے عادی 16 سالہ لڑکے نے موبائل گیمز کھیلنے کی اجازت نہ دینے پر 40 سالہ ماں سادھنا کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
بھارتی پولیس کے مطابق 16 سالہ لڑکا 3 دن تک ماں کی لاش کے ساتھ اسی گھر میں رہتا رہا اور بدبو سے بچنے کے لیے 3 دن تک روم فریشنر کا استعمال کرتا رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ (ماں) کا جسم گلنے اور بدبو اُٹھنے پر لڑکے نے جھوٹی کہانی گھڑی اور پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق لڑکے کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایک الیکٹریشن گھر آیا تھا جس نے اس کی والدہ کو مار ڈالا جبکہ پولیس نے گھر پہنچ کر ڈھائی گھنٹے کی مسلسل تفتیش کے دوران ہی حقیقت جان لی۔
پولیس کے مطابق 16 سالہ لڑکے نے والدہ کو لائسنس یافتہ پستول سے گولی ماری تھی، یہ پستول لڑکے کے والد کا تھا۔
پولیس کے مطابق سچ سامنے آنے پر ملزم لڑکے کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
Comments are closed.