بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے جبل پور سے 30سالہ بےبی سیٹر رجنی کو دو سالہ بچے پر بہیمانہ تشدد کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق رجنی کو بچے کے والدین کی شکایت پر اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں بےبی سیٹر والدین کی غیر موجودگی میں ان کے دو سالہ بچے کو تھپڑ مارتی اور بالوں سے گھسیٹتی ہوئی نظر آئی۔
پولیس نے بتایا کہ والدین کو جب بچے کے رویے میں تبدیلی اور صحت خراب ہوتی محسوس ہوئی تو انہوں نے ڈاکٹر سے رجوع کیا جہاں انہیں معلوم ہوا کہ بچے کی آنتوں میں سوجن ہے جس کے بعد انہوں نے گھر میں سی سی ٹی وی کیمرہ لگانے کا فیصلہ کیا۔
جب والدین نے کیمرے کی ریکارڈنگ دیکھی تو انہیں معلوم ہوا کہ بےبی سیٹر جسے چار ماہ قبل بچے کی دیکھ بھال کے لیے رکھا گیا تھا، وہ اکثر بچے کو مارتی پیٹتی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بے بی سیٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا اور تفتیش جاری ہے۔
Comments are closed.