دہلی پولیس نے آنکھوں میں مرچی پاؤڈر ڈال کر دو افراد سے 6 کروڑ روپے مبینہ طور پر لوٹنے والے تین ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔
بھارتی ریاست راجستھان سے گرفتار ہونے والے ڈاکوؤں کی عمر 22 سے 28 برس ہے، اُنہوں نے پہاڑ گنج کے علاقے میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد سے مبینہ طور پر 6 کروڑ مالیت کے زیورات لوٹے تھے۔
اس واردات کی ویڈیو چند لمحوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص پولیس یونیفارم میں موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کا اشارہ کرتا ہے اور اُنہیں بیگ چیک کروانے کا کہتا ہے۔
اتنے میں دو مزید افراد ان کے قریب آتے ہیں اور موٹر سائیکل سواروں کی آنکھوں میں مرچی پاؤڈر ڈال کر ان سے بیگ چھین کر فرار ہو جاتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ڈیلیوری بوائے ہیں جو پارسل پہچانے کا کام کرتے ہیں۔
واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے علاقے کے 700 سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کیس کی تفتیش شروع کر دی۔
دروان تفتیش معلوم ہوا کہ ملزمان واردات کے بعد ایک ٹیکسی میں سوار ہوئے اور راستے میں چائے پینے رُکے تھے، ملزمان نے نقد رقم نہ ہونے کی صورت میں پیسے آن لائن ٹرانسفر کیے۔
پولیس کے مطابق انہوں نے بینک سے ملزمان کی تفصیلات حاصل کیں اور انہیں جے پور سے راجستھان فرار ہوتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 6 ہزار گرام سے زائد سونا، 3 کلو چاندی، 106 ہیرے اور دیگر سونے اور ہیرے کے زیورات برآمد ہوئے ہیں جن کی مالیت تقریباً 6 کروڑ ہے۔
Comments are closed.