مہنگے گھر، گاڑیاں اور الیکٹرونک پروڈکٹس کی مختلف اقساط میں خریدو فروخت کے بارے میں تو سب ہی جانتے ہیں لیکن ایسا آج سے پہلے کسی نے نہیں سنا ہوگا کہ مہنگے پھل بھی قسطوں پر خریدے جاسکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بڑھتی ہوئی مہنگائی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بھارتی شہر پونے میں ایک پھل فروش نے مہنگے آموں کو ماہانہ اقساط پر بیچنا شروع کیا ہے۔
آموں کی ایک قسم الفانسو جوکہ بہت مشہور ہے جس کی نئی فصل فروخت کے لیے تیار ہے لیکن رواں سال اس کی قیمت گزشتہ برس سے تین گناہ زائد ہے۔
دیوگڑھ اور رتناگیری کے الفونسو آم جوکہ سب سے بہترین مانے جاتے ہیں رواں سال 800 سے لے کر 1300 بھارتی روپے فی درجن کے حساب سے ریٹیل میں فروخت ہو رہے ہیں۔
اس حوالے سے گرو کرپا ٹریڈرز اور فروٹ پروڈکٹس کے سربراہ گورو سناس کا کہنا ہے کہ اگر الیکٹرونک پروڈکٹس کو قسطوں پر خریدا جاسکتا ہے تو آم کیوں نہیں خریدے جاسکتے۔
اُنہوں نے آم قسطوں پر خریدنےکے طریقے کی وضاحت کی کہ آم کو قسطوں پر خریدنے کے لیے پوائنٹ آف سیل (POS) مشینیں نصب کی ہیں جو اسے آموں کے پورے بل کی رقم کو اقساط میں تبدیل کرنے کی اجازت دیتی ہیں اور خریدار کو صرف کریڈٹ کارڈ استعمال کرنا ہےجس کے بعد ان کی رقم تین، چھ اور 12 ماہ کی قسطوں میں تبدیل ہو جاتی ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ یہ اسکیم صرف کم از کم 5,000 روپے کی خریداری پر دستیاب ہے اور اب تک اس اسکیم سے 4 خریدار فائدہ اُٹھا چکے ہیں۔
Comments are closed.