اتوار 15؍جمادی الثانی 1444ھ8؍جنوری 2023ء

بھائی، بھئیا، جان، جانی کہہ کر سرفراز نے سب کا شکریہ ادا کر دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کراچی ٹیسٹ سے فارغ ہو کر مبارک باد دینے والوں کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے کراچی ٹیسٹ میں شاندار نصف سنچری کے بعد سنچری کر کے ٹیم کو شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کرنے پر ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت کوچز اور مداحوں نے سرفراز احمد کو مبارک باد دی جس پر سرفراز احمد نے اپنے منفرد انداز میں سب کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سرفراز احمد نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا شکریہ ’بوبی‘ کہہ کر ادا کیا۔

سرفراز احمد نے خرم منظور کے مبارک باد کے پیغام پر ’شکریہ جانی‘ لکھا۔

وکٹ کیپر بیٹر نے امام الحق کی مبارک باد کے جواب میں ان کا شکریہ’ میری جان‘ کہہ کر ادا کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھی سوشل میڈیا پر سرفراز احمد کو مبارک باد دی جس کے جواب میں انہوں نے ’شکریہ جانی‘ لکھا۔

سرفراز احمد نے شاداب خان کے پیغام میں انہیں ’شکریہ شیڈی لکھا‘۔

شرجیل خان بھی سرفراز احمد کو مبارک باد دینے والوں میں شامل تھے جس پر وکٹ کیپر بیٹر نے لکھا ’شکریہ شجو اللّٰہ کا شکر ہے‘۔

سرفراز احمد نے سابق کرکٹر وسیم اکرم اور شعیب ملک کے لیے ’بھائی‘ کا لفظ استعمال کیا۔

دوسرے ٹیسٹ میں سنچری کے موقع پر سرفراز احمد کے ساتھ کریز پر موجود آغا سلمان کے مبارکباد کے پیغام پر سابق کپتان نے ان کے لیے ’آغا جانی شکریہ‘ لکھا۔

پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سرفراز احمد نے ’شکریہ میڈی جانی‘ لکھا۔

سرفراز احمد نے مبارک باد دینے والے اعظم خان کے لیے لکھا ’ابا آئی لو یو‘۔

اس کے علاوہ دیگر کئی کرکٹرز اور سابق کھلاڑیوں سمیت مداحوں کا بھی سرفراز احمد نے شکریہ ادا کیا ہے۔

یاد رہے کہ سرفراز احمد نے قومی ٹیم میں واپس آنے کے فوراً بعد نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گئے 2 ٹیسٹ میچوں میں لگاتار 3 نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.