امپائر کی ہدایت کی خلاف ورزی اور بدتمیزی پر انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ٹام کرن پر چار میچز کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ وہ آسٹریلوی لیگ بگ بیش کے چار میچز نہیں کھیل سکیں گے۔
بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے دوران نامناسب رویہ انگلش کرکٹر ٹام کرن کو مہنگا پڑ گیا۔ یہ واقعہ 11 دسمبر کو بگ بیش میں سڈنی سکسرز اور ہوبارٹ ہریکنز کے درمیان ہونے والے میچ سے قبل اس وقت پیش آیا جب پریکٹس میں ٹام کرن نے وکٹ پر نہ دوڑنے کی امپائر کی ہدایت کو نظر انداز کیا۔
پہلی مرتبہ فورتھ امپائر نے اُن کو وکٹ پر نہ دوڑنے کی تنبیہ کی لیکن جب دوسری مرتبہ ٹام کرن نے ایسا ہی کرنے لگے تو امپائر نے راہ میں کھڑے ہو کر انہیں روکا جس پر وہ امپائر کی طرف دوڑتے چلے گئے اور پھر امپائر کے برابر میں سے ہوتے ہوئے پچ سے باہر نکل گئے۔
اس پر امپائر نے غصے کا اظہار کیا، اس موقع پر ٹام کرن نے امپائر کو بدتمیزی سے جواب دیا۔
اس واقعے کی جمعرات کو سماعت ہوئی جس کے بعد ٹام کرن کو کرکٹ آسٹریلیا نے 4 میچز کی پابندی کی سزا سنائی۔
اس سزا کے تحت بگ بیش میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرنے والے ٹام کرن اگلے چار میچز اپنی ٹیم کی جانب سے نہیں کھیل سکیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 میں ٹام کرن اسلام آباد یونائیٹڈ سے کھیلیں گے۔
Comments are closed.