بھارتی محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے آج شمال مشرق میں راجستھان کی طرف بڑھے گا، طوفان کے زیرِ اثر راجستھان میں شدید بارش کا امکان ہے۔
بھارتی محکمۂ موسمیات کے مطابق طوفان گزشتہ شام گجرات کے ساحلی اضلاع کچھ اور سوراشٹرا سے ٹکرایا، یہ طوفان آج شام تک ڈیپ ڈپریشن میں بدل جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طوفان کے ٹکرانے کے سبب گجرات کے ساحلی اضلاع میں تباہی مچ گئی، تیز ہواؤں اور شدید بارش سے مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
طوفان کے باعث کچھ اور سوراشٹرا میں بجلی کے پول گر گئے، کچے گھر تباہ ہو گئے، گجرات کے ضلع کچھ کے ساحلی مقامات پر اب بھی بارش جاری ہے۔
بھارتی محکمۂ موسمیات کے مطابق کچھ اور سوراشٹرا میں آج بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گجرات کے وزیرِ صحت کا کہنا ہے کہ طوفان کے سبب ضلع کچھ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
Comments are closed.